ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ملک آئے روز مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا، حکمران سنجیدہ نہیں ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنھیں قوم بار بار آزما چکی لیکن بہتری نہیں آئی۔ عوام اپنا قیمتی ووٹ اہل اور ایماندار قیادت کے انتخاب کے لیے استعمال کرے۔

وہ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔حافظ ادریس نے کہا کہ حکمران اشرافیہ نے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور بیرون ملک جائدادیں بنائیں، یہ لوگ ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قوم تسلیم کرتی ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنمائوں پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، لیکن بار بار آزمودہ جماعتوں کو ووٹ دے کر منتخب کرتی ہے اور جھولیاں اٹھا اٹھا کر انھیں بددعائیں دیتی ہے۔ ہم مایوس نہیں بلکہ ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔