وزیراعظم شہباز شریف کی بیگم نجمہ حمید مرحومہ کی رہائش گاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت


راولپنڈی(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی رہنما بیگم نجمہ حمید مرحومہ کی راولپنڈی میں رہائش گاہ آمد، اہل خانہ سے تعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مرحومہ کے صاحبزادوں، چھوٹی بہن رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور بھانجی وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، حسن اورنگزیب سمیت دیگر اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بہن کلثوم کی وفات کے بعد ایک اور بہن جنت سدھار گئی ہے۔بیگم کلثوم کی تاریخی جدوجہد میں آپا نجمہ چٹان بن کر ان کے ساتھ تھیں۔آپا نجمہ قائد محمد نوازشریف کی مخلص بہن تھیں، وہ زبان سے زیادہ ہمیشہ عمل سے اپنی وابستگی، اخلاص اور وفاداری ثابت کرتی تھیں۔وہ راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان اور ان کا گھر مسلم لیگ(ن)کا قلعہ تھا۔

وزیراعظم نے مرحومہ کے ایصال ثواب اور اہل خانہ کے صبر جمیل کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ طاہرہ اورنگزیب اور دیگر اہل خانہ نے وزیراعظم کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی واسٹریٹیجک کمیونیکیشن و ترجمان سید فہد حسین اور وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری برگیڈیئر تجدید ممتاز بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ بیگم نجمہ حمید کا انتقال گزشتہ جمعہ کی رات ہوا تھا اور ان کی نماز جنازہ اتوار کے روز اداکی گئی تھی۔