پاکستانی سفارتخانہ پر حملے کے معاملے میں افغان حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہیں،دفتر خارجہ

اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ کابل میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن پر دہشت گرد حملے کے معاملے پر افغان حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہے، توقع ہے کہ اس حملہ کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مبینہ ریمارکس کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بیان میں کہا کہ یہ ایک جاری تحقیقات ہے جس پر قریب سے نگاہ مرکوز کررہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دعوی کیا کہ طالبان حکام نے اسلامک اسٹیٹ دہشت گرد گروپ کے ایک غیر ملکی کارکن کو مبینہ طور پر پاکستان کے اعلی سفارت کار پر قاتلانہ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔