لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت بھی ملک بھر میں رضاکاروں کا عالمی دن منایا گیا۔اس حوالے سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اس دن کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ رضاکار کسی بھی فلاحی ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں۔رضاکاروں کو وقت حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا پڑتا ہے۔یہ ان کے کام کا حصہ ہے۔رضاکاروں کا عالمی دن منانے کا مقصدجذبہ رضاکاریت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہر طرح کے مشکل حالات میں مستعدی اور جذبے کے ساتھ کوشاں ہزاروں الخدمت رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ الخدمت کے رضاکار الخدمت کا ہراول دستہ ہیں جنھوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خدمت خلق کی مثالیں رقم کی ہیں۔کورونا کی عالمی وبا ہو، روز مرہ حادثات ہوں یا زلزے و سیلاب، الخدمت کے ملک بھر میں پھیلے 60 ہزار سے زائد رضاکار اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لئے ہر لحظہ کمربستہ نظر آئے۔ملک بھر میں آنے والے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو، ریلیف اور اب ری ہیبلی ٹیشن کے مرحلے میں بھی الخدمت کے رضاکاربھرپور خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
محمدعبدالشکور نے کہاکہ نوجوانوں کو رضاکاریت کی اہمیت اورضرورت سے روشناس کروانے اور یہ بتانے کے لئے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے خدمتِ خلق کرسکتے ہیں،آئندہ سال کے آغاز میں ساتویںالخدمت یوتھ گیدرنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔الخدمت یوتھ گیدرنگ بھی مختلف سیشنز پرمشتمل ہوگی جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات،وائس چانسلرز،نامور موٹیویشنل اسپیکرز،معروف سیاسی و سماجی شخصیات اورمیڈیا پرسنزسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔اس کے علاوہ ملک بھر سے ایسی شخصیات جنھوں نے خدمت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ان کو بھی خصوصی طور پر پروگرام میں مدعو کیا جائے گا۔