اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالتیں پاکستان کی تاریخ کو مزیدداغدار کرنے میں پیش پیش ہیں، اعظم سواتی کی کوئٹہ منتقلی پاکستان کی عدالتوں کے انسانی حقوق ریکارڈ پر ایک اورداغ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی الیکشنوں سے بھاگ رہی ہیں، ان کی سیاست ختم ہوگئی۔ اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں جہاں 101یونین کونسلز پینل کا انتخاب ہونا ہے (ن) لیگ صرف 30 حلقوں میں امیدوار دے سکی، پیپلز پارٹی کا ایک بھی پینل نہیں مقابلہ تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کی کوئٹہ منتقلی پاکستان کی عدالتوں کے انسانی حقوق ریکارڈ پر ایک اورداغ ہے، 75 سال کے بوڑھے سینیٹراور وکیل کو بے عزت کیا جا رہا ہے۔ عدالتیں پاکستان کی تاریخ کو مزیدداغدار کرنے میں پیش پیش ہیں ،جانے کب جج صاحبان احساس کریں گے کہ اللہ نے انہیں کس قدراہم ذمہ داریوں سے نوازا ہے۔