اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہبڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں۔
اسلام آباد میں پاپولیشن کونسل کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے مسئلے پروزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے،
وزیر اطلاعات نے آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبوں کے لئے بڑی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں۔ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے، نیشنل ٹاسک فورس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ رواں برس دنیا کی آبادی 8 ارب اور پاکستان کی 23کروڑ ہوگئی ہے، 75 سال میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ سے 23 کروڑ ہوگئی،2030 میں پاکستان کی آبادی 26 کروڑ 30 لاکھ اور 2050 میں 33 کروڑ 80 لاکھ ہونے کا امکان ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی طرح بڑھتی آبادی بھی خطرے کی گھنٹی ہے، آبادی بڑھتی ہے تو تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں،
وزیراطلاعات نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل صوبوں کی ذمہ داری ہے،پاکستان کی آبادی 2 فیصد سالانہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے، ان مسائل سے نمٹنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا، قومی اہمیت کے ان مسائل پر قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے،
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیانیے کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہئے۔ حکومتی سطح پر ایسے مسائل پر کھل کر بحث ہونی چاہئے، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، سیلاب جیسی قدرتی آفت کے نتیجے میں قوم نے حال ہی بڑی تباہی کا سامنا کیا، تباہ کن سیلاب کے باعث پاکستان میں بچے اور خواتین شدید متاثر ہوئے،
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں پارلیمنٹ میں منعقدہ قومی کانفرنس کے منظور کردہ اعلامیہ میں اہداف کا واضح تعین ہوا تھا، کانفرنس کے اعلامیہ پر صوبوں کے دستخط بھی ہیں، ان اہداف اور تجویز کردہ اقدامات کی بحالی کی ضرورت ہے، اس طرح ہم پالیسی سازی، قانون سازی اور بیانیہ کی تشکیل کے ساتھ مطلوبہ اہداف حاصل کرسکتے ہیں، ماضی میں محکمہ منصوبہ بندی نے بہت اچھا کام کیا، عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر اطلاعات نے بڑھتی آبادی کے حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا پر آگاہی پیدا کرنے اور بیانیہ کی تشکیل میں پاپولیشن کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔