اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے سابق صدر جیانگ ژی من کے انتقال پر عوامی جمہوریہ چین کی قیادت اور عوام سے اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ چین کے سابق صدر جیانگ ژی من ایک ممتاز مدبر تھے جنہوں نے مسلسل اقتصادی اصلاحات کے ذریعے چین کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ملک میں معیار زندگی نمایاں طور پر بلند کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سابق چینی صدر جیانگ ژی من کی بصیرت نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور عوام کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے آنجہانی سابق صدر کو ان کی ملک کے لیے ان اعلیٰ خدمات اور کوششوں کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جن کی بدولت چین آج دنیا کی ایک عظیم معاشی قوت کے طور ایستادہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم چین کے عوام کے ساتھ ہیں۔