اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بنیادی وجہ اسلام آباد میں سنجیدہ حکومت نہ ہونا ہے، کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہادتوں پر انتہائی افسوس ہے، آپریشن رجیم چینج کے بعد سے اب تک پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 52% اضافہ ہو چکا ہے، 270 شہری اور سکیورٹی اہلکار ان واقعات میں شہید ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کی بنیادی وجہ اسلام آباد میں سنجیدہ حکومت نہ ہونا ہے، معیشت کی طرح گورننس تباہ ہو چکی ہے، افغان پالیسی تباہ حال ہے اور کائونٹر ٹیررازم پر کسی کی توجہ نہیں، ڈر ہے کہ ہمیں 2018 کے بعدجو کامیابیاں حاصل ہوئیں انھیں کھو نہ دیں۔