دہشتگردی بڑھی، ریاست حقیقت چھپا رہی ہے، رضا ربانی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ریاست چند مہینوں سے اس حقیقت کو چھپا رہی ہے کہ ملک خصوصا خیبر پختونخوا میں دہشت گردی بڑھ گئی۔

اسلام آباد سے جاری کئے گئے بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے باجود ٹی ٹی پی کے ظاہر ہونے سے واضح ہو گیا کہ ریاست عوام کو اندھیرے میں رکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وقفے وقفے سے حملوں، اغوا اور تاوان کے مطالبوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، سوات کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف بڑی ریلیاں نکالیں۔

میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ریاست نے معصوم شہریوں پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ لاگو کرنے پر انحصار کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کے 4 سال بعد بھی ریاست بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ریاست نے عسکریت پسندی کے خلاف پرامن سویلین تحریکوں سے انگیجمنٹ سے بھی انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر بات کرنے کے لئے مشترکہ اجلاس بلانے کا کئی بار مطالبہ کیا لیکن کسی نے اس پر کان نہ دھرے۔