ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی معاشی نظام کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی معاشی نظام کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں ہی موجودہ حالات کی ذمہ دار ہیں۔ جھوٹے بیانیے دے کر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے حقیقی تبدیلی ناگزیر ہے ۔ سیاسی انتشار، افراتفری کے خاتمے، بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری طورپر انتخابی اصلاحات ناگزیر اور ملک و قوم کوعام انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔ عو ام بدحال ہیں کسی کو بھی ان کی پرواہ نہیںمہنگائی بے روزگاری اورلاقانونیت نے حالات کو پہلے سے زیادہ خراب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے اتحادی حکومت برسراقتدارآئی ہے کوئی ایک بڑا پروجیکٹ بھی مکمل نہیں ہوا ۔ صوبائی حکومیتںاوروفاق کے درمیان چوہے اوربلی کا کھیل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیلاجارہا ہے۔ سیاسی اجتماعات میں اداروں کا نام لے کر تنقید درست نہیں، اس سے ملک کے اندر اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گی اور نفرتوں کی آگ پھیلے گی۔ اس پر قابو پانے کے لئے افہام و تفہیم سے کام لینا ہو گا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک وقوم کسی بھی قسم کا محاذآرائی کے نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتے اس کے لئے ضروری  ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز دانشمندانہ فیصلے کریں۔