36ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹرز کا دورہ،سیکرٹری بی آئی ایس پی کی بریفنگ

سلام آباد(صباح نیوز) سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)عامر علی احمد نے جمعرات کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM) اسلام آباد کے 36ویں سینئر مینجمنٹ کورس (SMC)  افسران  کا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر  دورے پر  خیر مقدم کیا۔  (SMC)  افسران  کے دورے کا مقصد پروگرام کے آپریشنز اور  ملک بھر میں پسماندہ طبقات  پر اس کے اثرات کے بارے میں بصیرت حاصل کر نا تھا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے وفد کو بی آئی ایس پی کے بنیادی اقدامات بشمول  بینظیر کفالت، تعلیمی وظائف،  نشوونما ، انڈر گریجویٹ اسکالرشپ اور نیشنل سوشل اکنامک رجسٹری (این ایس ای آر) سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ ایک بار جب کوئی اس تنظیم کا حصہ بن جاتا ہے تو وہ ملک کی پسماندہ کمیونٹیز پر بی آئی ایس پی کی اہمیت اور اثرات کو  جان سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بی آئی ایس پی نے اپنی سہ ماہی قسطوں کے لیے ادائیگی کا نیا ماڈل اپنایا ہے۔ سابقہ  ماڈل میں صرف دو بینک شامل تھے جبکہ  نئے ماڈل  کے تحت چھ بینکوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ یہ قدم  مالی معاونت کی تقسیم کو بہتر کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ادائیگی کے نئے ماڈل سے  بی آئی ایس پی کو سالانہ 2 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بی آئی ایس پی کے عملے کی نگرانی میں مقرر کردہ کیمپ سائٹس کے ذریعے ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔سکریٹری نے NSER ڈیٹا بیس کی  افادیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اس ڈیٹا بیس کو  سرکاری اور نجی دونوں تنظیمیں سماجی تحفظ کے مختلف منصوبوں کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ BISP کے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت دار بھی ڈیٹا بیس کی صداقت کو تسلیم کرتے ہیں۔یہ دورہ ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جہاں شرکا نے تفصیلی بریفنگ پر اظہار تشکر کیا اور پسماندہ کمیونٹیز کی حمایت میں بی آئی ایس پی کی  کاوشوں کو سراہا۔۔