نواز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان وفود کے ہمراہ ملاقات، سیاسی صورتحال اور آئینی ترامیم پر گفتگو

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔نواز شریف سے ملاقات کے لیے بلاول بھٹو زرداری پنجاب ہاوس پہنچے، سابق وزیراعظم نے آمد پر بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔دونوں قائدین نے ملک کی سیاسی صورتحال اور آئینی ترامیم کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید اور عرفان صدیقی، احسن اقبال بھی موجود تھے۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، مرتضی وہاب، مرتضی جاوید عباسی، نوید قمر اور پلوشہ خان شریک تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترامیم کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ تاریخ کا تعین دونوں جماعتیں دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد طے کریں گی۔