لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ مظلوم اہل غزہ اور جرآت مند فلسطینی امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں -قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کر کے انہوں نے تو اپنا فرض پورا کردیا اور امتِ مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا ان کی قربانیاں تا قیامت یاد رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے منصورہ ملتان روڈ پر مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا-
انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی اہل ایمان کی قربانیاں تو اللہ کے حضور قبول ہوگئی ہیں لیکن ہمارا دامن روزِ محشر داغدار ہوگا -انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک بات تو یہ ہے کہ باوجود طاقت و استطاعت کے ستاون اسلامی ممالک کوئی خاطرخواہ اقدام کرنے سے قاصر ہیں – صرف قرارداد پیش کرنے سے اگر یہ ظلم و ستم رک سکتا تو شروع ہوتے ہی رک جاتا لیکن یہ ظلم صرف دہشت گردی ملک کے خلاف سفارتی دباو اور عملی اقدام سے ہی رک سکتا ہے-ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کی اخلاقی حمایت کے لئے میدانِ عمل میں موجود ہیں اور فلسطین کی آزادی تک لبیک کی صداوں کے ساتھ اگلی صفوں میں کھڑے ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ فلسطینی تنِ تنہا ظالم کے سامنے ارضِ مقدس کے تقدس کی خاطر علم جہاد بلند کیے ہوئے ہیں لیکن ان کی نگاہیں اپنے بھائیوں کی جانب مدد کیلئے تو اٹھتی ہیںاللہ تعالی جلد عالمِ اسلام کے غیور مسلمانوں اور فلسطینی مجاہدین کو غاصب کے خلاف جدوجہد میں کامیابی عطا فرمائے- اور اسلامی ممالک کے سربراہان کے دل میں امت مسلمہ کے دکھ درد کا احساس اجاگر ہو- اس موقع پر خواتین کا جم غفیر فلسطین کے پرچم ، بینرز اور پلے کارڈز لیے ملتان روڈ پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھا – حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی قائدین میں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، ربیعہ طارق ، نازیہ توحید ، عظمی عمران بھی موجود تھیں