قصور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،غیر قانونی تعمیرات مسمار،متعددسیل پوائنٹس ختم کردیے


قصور(صباح نیوز)ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ماہم آصف ملک کی زیرنگرانی شہر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات مسمار،متعددسیل پوائنٹس ختم کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن قصور ماہم آصف ملک کی زیرنگرانی اسسٹنٹ کمشنر یوٹی تحریم رانا نے میونسپل کارپوریشن قصور کے عملے کے ہمراہ مچھلی منڈی نزد پتواں والا گیٹ قصور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا

آپریشن کے دوران میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے مختلف سٹالز، بینچز،کانٹرزاور ریڑھیوں کو قبضے میں لے لیااورپختہ تھڑوںلوہے کے شیڈز کو اکھاڑ دیا گیا اور اسی طرح کثیر تعداد میں غیر قانونی سیل پوائنٹس کو بھی ہٹایا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ماہم آصف ملک کاکہنا تھا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپورکاروائی عمل میں لائی جائیگی اور یہ سلسلہ جاری رہے گاکیونکہ شہر میں تجاوزات سے شہریوں کو گزرنے میں شدید دشواری کاسامنا ہے اور اس کے خاتمے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔ دوکاندار حضرات ناجائز تجا وزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کابھرپور ساتھ دیں