اسلام آباد (صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے موسمیاتی تباہی کا شکار غریب ممالک کے لئے عالمی فنڈ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پارلیمان کی کوششیں رنگ لے آئیں،کاپ ۔27 کے موقع پر پاکستانی پارلیمانی سفارتکاری نے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ موسمیاتی نقصانات کے ازالے کے لئے عالمی فنڈ قائم کر دیاگیا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت عالمی قائدین نے عالمی فنڈ کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ کا قیام موسمیاتی انصاف کی طرف عملی پیش رفت ہے،وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول اور وزیر موسمیات شیری رحمان نے موسمیاتی انصاف کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کی تھی، پاکستان کی قومی اسمبلی نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی توجہ طلب کرے میں اہم کردار ادا کیا،
ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ کے ذریعے سیلاب سمیت دیگر موسمیاتی نقصانات کے شکار ممالک کو مالی معاونت مل سکے گی، عالمی فنڈ کے قیام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو میں بڑی مدد مل سکے گی۔
موسمیاتی تبدیلوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے میں یہ فنڈ ایک سنگ میل ثابت ہوگا،عالمی فنڈ کا قیام پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کے محاذ پر بڑی کامیابی ہے،اس فنڈ کے قیام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔