اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے مزید پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کرنے کا عمل شروع کردیا۔ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان(ٹی سی پی) نے گندم کی درآمد کے لئے ٹینڈرز جاری کرد یا۔ بین الاقوامی سپلائرزسے28نومبر تک لفافہ بند بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ لفافہ بند بولیاں 28نومبر کو ہی کھولی جائیں گی۔ ایک لاکھ میٹرک ٹن سے کم کی بولی منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک کی گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مزید گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے گاہے بگاہے ٹینڈرز جاری کئے جاتے ہیں اور بین الاقوامی سپلائرز سے بولیاں طلب کی جاتی ہیں۔ ٹی سی پی نے وفاقی حکومت کے احکامات کی روشنی میں مزید پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے لئے ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ وفاقی حکومت نے گندم کی درآمد کے لئے بولیاں رواں سال 16دسمبر سے آئندہ سال 8فروری کے درمیان کے لئے مانگی ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت نے روس سے حکومتی سطح پر تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دی تھی جبکہ اس کے ساتھ، ساتھ ٹی سی پی کی جانب سے بین الاقوامی سپلائرز سے گندم کی درآمد کا عمل بھی جاری ہے۔