اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے مثر اقدامات کرنے، ویٹ بورڈ میں کسانوں، لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور سپارکو کینمائندوں کو شامل کر نے اور پاسکو کی نجکاری کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایات وزیراعظم نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاسکو سے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران دیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں ویٹ (Wheat) بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور ویٹ بورڈ میں کسانوں کینمائندوں کو شامل کیا جائے ۔
انہوں نے ویٹ بورڈ میں لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور سپارکو کے نمائندگان کو شامل کرنے اور پاسکو کی نجکاری کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیاکہ وفاقی حکومت کی گندم کی خریداری کے حوالے سے متبادل حکمت عملی ترتیب دی جائے اور اس حوالے سے گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر سمیت صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے۔ اجلاس کو وییٹ بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ اور ٹی او آرز، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور پاسکو میں اصلاحات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔۔