الخدمت اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوان کو ہنرمند بنارہی ہے، نوید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز) چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور الخدمت اپنے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنارہی ہے تاکہ نوجوان مایوسی سے بچیں اور ہنر سیکھ کر اپنے خاندان کی بہترین کفالت کر یں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نئے بیچز کا آغاز ماہ اپریل کے آخری ہفتے سے ہوگا  انہوں نے کہا کہ الخدمت اپنی دیگر فلاحی خدمات کے ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس پروگرام سے نوجوانوں کو دور حاضر کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت نوجوانوں کو موبائل رپیئرنگ ،سولر وی پی ٹیکنیشن، الیکٹریشن،ایڈوانس ٹیلرنگ ،آٹو کیڈ ،موٹرمکینک ،اے سی اینڈریفریجریٹر،انڈسٹریل آٹو میشن کے کورسز باقاعدگی سے کروا رہی ہے۔ سینکڑوں نوجوان کورسز مکمل کر کے اپنا کاروبار یا ملازمتیں شروع کر چکے ہیں ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ میٹرک اور انٹر پاس نوجوان جو آگے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے وہ ملازمت نہ ہونے پر یا تو مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں یا برائی اختیا رکر کے اپنی زندگی تباہ کرتے ہیں ۔ایسے میں الخدمت اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کی امید ہے جو انہیں ہنر سکھا کر معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔یہ کورسز نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہیں ۔نوجوان ہنر سیکھ کراپنا شاندار مستقبل بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں الخدمت کے پی آئی بی اور قصبہ کالونی میں دو اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر آپریشنل ہیں جہاں نوجوانوں کو کورسز کروا کرہنر مند بنایا جا رہا ہے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوان اپنے اور اپنے خاندان کے بہتر مستقبل کیلئے ان کورسز سے فائدہ اٹھائیں ۔