سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن مینیجر ہلاک،نعش نذر آتش


سیالکوٹ/لاہور(صباح نیوز)تھانہ اگوکی کے علاقہ وزیر آباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے غیر ملکی مینیجر کو ملازمین نے توہین رسالت کے الزام میں تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد نعش نذر آتش کردی ۔

پولیس نے واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب رپورٹ طلب کرلی۔مشتعل افراد کا دعوی ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ملازمین نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مینیجر کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

فیکٹری کے ملازمین نے وزیر آباد روڈ کو بلاک کرکے مینیجر کی نعش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکن شہری کا حادثہ بہت افسوسناک ہے، 50 افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے،

سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، واقعہ میں ملوث افرادکیخلاف کارروائی ہو گی۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں سری لنکن منیجر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں،

پاکستان علما کونسل سری لنکن منیجرکے قتل کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ مجرمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سری لنکن منیجرپر حملہ کرنے والوں نے اس قانون کی بھی توہین کی ہے۔ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجرکو قتل کرنے والوں کا عمل غیراسلامی اور غیرانسانی ہے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پنجاب را ئوسردار علی خان نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ریجنل پولیس افسر(آر پی او)گوجرانوالہ کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی لیبر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

محکمہ کی جانب سے ابتدائی رپورٹ صوبائی وزیر کوپیش کر دی گئی جس کے مطابق راجکو انڈسٹریز سیالکوٹ میں یہ واقعہ پیش آیا، غیر ملکی مینیجر ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوا۔عنصر مجید نے کہا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ڈی جی لیبر واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔