متحدہ عرب امارات مشرق وسطی ،شمالی افریقہ کے خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہو چکے ہیں۔ہم بین الاقوامی فورمز پر بھی باہمی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کو – 2022-23 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں انتخاب اور کوپ 26 کی میزبانی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے 50ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ آج ہم نہ صرف متحدہ عرب امارات کے اتحاد کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں بلکہ اس وقت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کو بھی 50 سال مکمل ہو گئے ہیں۔میں پاکستان کی قیادت کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ ورثے اور کثیر جہتی تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے جو فقیدالمثال ترقی  کے مدارج طے کیے ہیں وہ متحدہ عرب امارات کے بانی محترم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی دور اندیش قیادت کے بغیر ممکن نہیں تھے۔

اس عظیم رہنما کو  پاکستان سے بہت لگا وتھا۔ انہوں نے پاکستان میں بہت سے سماجی و اقتصادی منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لی اور پاکستانی ورکرز کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کا موقع دیا – یہ پاکستانی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں ان کے جانشین رہنما شیخ زاید کے طے کردہ اعلی معیارات کی پیروی کر رہے ہیں اور  پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔

شاہ محمود نے کہاکہ عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

وزیر اعظم عمران خان اور محمد بن زید النہیان کے بار بار ہونے والے دوروں نے ہمارے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت پیدا کی ہے،میں نے اور میرے ہم منصب نے اپنے قائدین کے فیصلوں کی پیروی کرنے کے لیے کئی بار ملاقات کی ہے۔

ہماری قریبی مشاورت کے نتیجے میں باہمی دلچسپی کے سیاسی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بہتر تفہیم پیدا ہوئی ۔ ہمارے تجارتی اور اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہو چکے ہیں۔ہم بین الاقوامی فورمز پر بھی باہمی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم متحدہ عرب امارات کو – 2022-23 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں انتخاب اور کوپ 26 کی میزبانی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی فاونڈیشن کی گولڈن جوبلی کے موقع پر، ہم ایکسپو 2020 کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔ یہ مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور جنوبی ایشیا خطے، میں پہلی عالمی نمائش ہے۔متحدہ عرب امارات سے ہماری محبت کے اظہار کے طور پر، پاکستان نے ایکسپو میں پرجوش انداز میں شرکت کی۔صدر پاکستان نے “پاکستان پویلین” کا افتتاح کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جس نے سب سے زیادہ متحرک اور فعال پویلین ہونے کی وجہ سے بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات ہمارے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہیں اور مسلسل نمو پا رہے ہیں۔ 8 بلین ڈالر سے زیادہ کی باہمی تجارت کے ساتھ، متحدہ عرب امارات مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

اس کا شمار پاکستان میں سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مسلسل پیش رفت اور گوادر بندرگاہ کے آپریشنل ہونے سے پاکستان مشرق وسطی کو افغانستان اور اس کے بعد وسطی ایشیا سے ملانے کے لیے تیار ہے۔

ہمارے خطوں کے درمیان بہتر رابطہ ہمارے لوگوں کے لیے کافی منفعت بخش ہو گا ،اپنی تقریر کے آخر میں، وزیر خارجہ نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی عوام اور قیادت کو اس گولڈن جوبلی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کیا۔