راولپنڈی(صباح نیوز)پاک آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 41ویں مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
میگا شوٹنگ ایونٹ آرمی مارکس مین شپ یونٹ 26 اکتوبر سے یکم دسمبر تک منعقد ہوا، جہلم گیریژن میں 1 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے ہونے والے شوٹنگ مقابلے میں 2500 شوٹرز نے شرکت کی۔ شرکاء میں مسلح افواج ،پیراملٹری فورس اور عام شہریوں نے شرکت کی۔
مقابلہ میں مختلف رینجز اور ہتھیاروں کی اقسام شامل تھیں، آرمی چیف نے جیتنے والے شوٹرز میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ انٹر فارمیشنز مقابلوں میں ملتان کور پہلی اور منگلا کور دوسرے نمبر پر رہی۔
چیف آف ایئر سٹاف کیٹگری میں ٹرافی پنجاب رینجرز نے حاصل کی،۔ چیف ایئر سٹاف کیٹگری میں گلگت بلتستان سکاٹس رنر اپ رہے، انٹرسروسز میچز میں پاک فوج نے تمام چاروں مقابلے جیت لئے،پاک فضائیہ چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف کیٹگری میں رنر اپ رہی۔
چیف آف نیول سٹاف میچ میں پاکستان نیوی دوسرے نمبر پر رہی۔
پاکستان آرمی نے اوپن نیشنل میچز میں شاٹ گن، لانگ رینج اور سمال بور ٹرافی جیتی۔ پاک فوج نے وزیراعظم “اسکلز ایٹ آرمز” بگ بور نیشنل چیلنج بھی جیت لیا۔ پاک بحریہ نے وزیراعظم “اسکلز ایٹ آرمز” بگ بور نیشنل چیلنج میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پرشرکا ء سے بات چیت کرتے ہوئے، آرمی چیف نے فائرنگ کرنے والوں کی نشانے بازی کے بہترین معیار کو سراہا۔ شوٹنگ کی مہارت کو ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان قرار دیتے ہوئے، آرمی چیف نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا فوجی تربیت کے بنیادی مقاصد کا مرکز ہونا چاہیے،آرمی چیف نے اس موقع پر اپنی نشانہ بازی کی مہارتوں کا بھی مظاہرہ کیا۔