اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، پاکستان کے مسائل جھوٹ سے حل نہیں ہوں گے، حکومت کے فیصلے کرپشن پر مبنی ہوتے ہیں انہیں اپنی ناکامی قبول کرتے ہوئے شفاف انتخابات کروانے چاہیے،ملک میں مہنگائی سے بڑی نیشنل سکیورٹی کونسی ہے، دفاع کے اخراجات اور تنخواہوں کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں، یہ کرپشن اور نالائقی کا اہم نمونہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ حکومت عوام کے سامنے اعتراف کرے کہ وہ ناکام ہوچکی ہے، جہاں لوگ سلیکٹڈ ہوں اور ووٹ چوری کرکے آئے ہوں انہیں عوام کی پروا نہیں ہوتی، جس طرح حکومت چل رہی ہے جلد ملک مہنگائی میں پہلے نمبر پر ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حالات کو درست کرنے کے لیے فوری شفاف انتخابات کے سوا کوئی راستہ نہیں، حکومت کے اعداد و شمار پر کوئی ادارہ یقین کرنے کو تیار نہیں، نومبر میں گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی میں 11 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، غریب کے گھرکے اخراجات میں ایک سال میں 18فیصد اضافہ ہوا، یہ کہنا کہ دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے یہ منطق عوام کو قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے مقابلے میں پاکستان میں دوگنا زیادہ مہنگائی ہے، دوسو ممالک میں پاکستان مہنگائی میں تیسرے نمبر پر ہے،اس حکومت کے18 ترجمان ہیں، ان کا مقصد صرف جھوٹ بولنا ہے، پاکستان کے مسائل جھوٹ سے حل نہیں ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کی واحد کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کے 200 ممالک میں مہنگائی میں ملک کو تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا ہے اور جب تک یہ جائیں گے اس وقت تک ملک میں مہنگائی کی سطح پہلے نمبر پر پہنچ جائے گی، اور یہ ان کی واحد کامیابی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کو تباہ کردیا اور ان کا کوئی وزیر یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ اس ملک میں مہنگائی کی کیا وجوہات ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہر وہ شخص جس سے عوام نہیں جانتے وہ اس حکومت کا ترجمان ہے اور یہ حکومت سے اپوزیشن کو برا بھلا کہنے اور جھوٹ کے لیے پیسے لیتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا اب گالی گلوچ اور جھوٹ سے کام نہیں چلے گا اور نہ ہی مسائل حل ہوں گے، پاکستان کے مسائل کوشش کرنے سے حل ہوسکتے ہیں اور اس کا صرف ایک راستہ ہے وہ راستہ یہ ہے کہ ملک میں شفاف اور فوری انتخابات کروائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں اجناس کی قیمت میں بیش بہا اضافہ ہوا ہے یہ اضافہ صرف پاکستان میں ہیں جبکہ خطے کے دوسرے ممالک میں نہیں ہے
۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حکومت کے وزرا کہا کرتے تھے کہ مسلم لیگ کے دور حکومت میں ملک میں درآمدات بڑھ گئی تھیں لیکن پچھلے مہینے پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ درآمدات ہوئی ہیں جو 8.1 ارب ڈالر تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پہلے اسی حکومت کے دور میں جون میں 6 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئی تھیں، یہ تاریخ کی سب سے زیادہ درآمدات تھیں جبکہ مسلم لیگ (ن)کے زمانے میں سب سے زیادہ درآمدات 5 ارب ڈالر کی تھیں، فرق یہ تھا کہ اس درآمد سے ملک کو ترقی دی گئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے دور حکومت میں درآمد سے ملک میں توانائی کو فروغ دیا گیا تھا، بجلی کے مسائل حل ہوئے، سی پیک کو فروغ دیا گیا تھا۔ا نہوں نے کہاکہ آج چیئرمین نیب خاموش ہیں ان کا منہ اور کان بند ہیں، ایک دن آئے گا کہ چیئرمین نیب کا منہ اور کان کھلیں گے،کیا وزیراعظم پارلیمان میں آکر نہیں کہہ سکتا کہ میں شرمندہ ہوں،کیا اسپیکر کو اس بات کی پرواہ ہے کہ آج ملک کس مشکل میں ہے، ملک میں مہنگائی سے بڑی نیشنل سکیورٹی کونسی ہے،دفاع اور تنخواہوں کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں اور انہیں افغانستان کے مسائل کی پرواہ ہے، نیشنل سیکیورٹی کی حالت یہ ہے جہاں سہولت دی جاسکتی ہے حکومت وہاں بھی نہیں دیتی۔