دردانہ صدیقی کا رابطہ پل کی رسی ٹوٹنے کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی شہادت پر اظہار رنج و غم


 کراچی (صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقہ شنیل اریان یوسی بالاکوٹ تحصیل بحرین میں دریا پر رابطہ پل کی تعمیر کے دوران حفاظتی رسی ٹوٹنے کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن تحصیل بحرین کے جنرل سیکرٹری مولانا ایاز خان خیل سمیت تین رضاکاروں کی شہادت کے دلسوز واقعے پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے مولانا ایاز خان خیل کی قیادت میں دن رات متاثرین کی خدمت کی جس کی تحسین اور پذیرائی دنیا بھر کے میڈیا اور اقوام متحدہ نے بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی دیکھنا سمجھنا اور احساس کرنا چاہیے کہ کون لوگ ہیں جو ان کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ان کا ہاتھ تھامتے ہیں اور اپنی جان کی بازی تک لگا دیتے ہیں۔ دردانہ صدیقی نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔