زندہ قومیں ہمیشہ اپنی اسلاف کی قربانیاں یاد رکھتی ہیں، آزادی ایک نعمت ہے جو ہمیشہ قربانیوں اور جدوجہد کے صلے میں ملتی ہے، خالد خورشید


 گلگت(صباح نیوز) وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کی تقریبات کو جذبے اور شاندار انداز میں منانے میں مقصد اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنا ہے، اپنے آبا اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور اپنے آنے والی نسلوں کو آزادی کے مقصد اور مفہوم کو پہنچانا ہے، زندہ قومیں ہمیشہ اپنی اسلاف کی قربانیاں یاد رکھتی ہیں، آزادی ایک نعمت ہے جو ہمیشہ قربانیوں اور جدوجہد کے صلے میں ملتی ہے، آزادی بھیک میں نہیں ملتی، گلگت بلتستان میں ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنے کا جذبہ اور مقصد لا لہ لا اللہ کے نظریے پر وجود میں آنے والے مملکت خداداد پاکستان تھا، ہمارے آبا اجداد نے بغیر کسی بیرونی امداد کے اس اہم خطے کو آزاد کرایا،اس وقت ہمارے مجاہدین لداخ اور بانڈی پورہ تک پہنچ گئے تھے۔ بھارتی وزیر دفاع شاید تاریخ سے ناواقف ہیں جس طرح ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنے کی جنگ اور کارگل مارکے میں ہمارے مجاہدین بھارت کے اندر تک پہنچ گئے تھے اس سے بھارتی دفاع کو سبق سیکھنا چاہئے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی ہے اور اس آزادی کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔ ہماری پاک فوج نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کے عزائم کو ہمیشہ ناکام بناتے ہوئے جس بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اس پر پوری قوم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے  ہیں، کشمیر اور گلگت بلتستان کی دفاع کیلئے گلگت بلتستان کے 15 لاکھ عوام ہی کافی ہیں۔

وزیر اعلی خالد خورشید نے کہاکہ کسی بھی قوم کی کامیابی کا انحصار اس کی محنت پر ہے، اگر ہم اس ملک کی ترقی کیلئے محنت نہیں کریں گے تو شہدا کی خون سے بے وفائی ہوگی، ہمیں دعا کرنا چاہئے کہ ہمیں ایک سچا لیڈر ملے اور ہم سب کو اس سچے لیڈر کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہاکہ زرعی شعبے میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، اس حوالے سے زراعت کی سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ہم اپنی غربت کا خاتمہ زراعت سے کریں گے اور گلگت بلتستان کو خوشحال بنائیں گے اور زرعی شعبے میں خود کفالت کی منزل حاصل کریں گے، دن رات عوام کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، عوام کو حقیقی تبدیلی نظر آئے گی، گلگت بلتستان میں زمینوں کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی اور زمینوں کا مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔