اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین میں سی پی سی کانگریس کے بعد مدعو کیے گئے چند رہنماؤں میں شامل ہونا اعزاز ہے۔یہ بات وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین روانگی سے قبل سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہاہے کہ اس وقت جب دنیا متعدد چیلنجز سے نبرد آزما ہے، پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر کھڑے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی قیادت کے ساتھ بات چیت اہم شعبوں خصوصا سی پیک پر مرکوز ہو گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنائے گی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ چین کی اقتصادی ترقی سے بہت کچھ سیکھاجا سکتا ہے۔