عمران خان نے ملک میں مارشل لاء لگوا نے کا اعتراف کر لیا،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے اعتراف کر لیا کہ وہ ملک میں مارشل لا ء لگوانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِاعظم عمران خان کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف ادب، دوسری طرف گالی، دماغ کی خرابی اور فرسٹریشن ہے، 2000 لوگ 22 کروڑ عوام نہیں ہوتے، عمران خان نے اعتراف کر لیا کہ وہ ملک میں خون خرابے سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنے اوربندوق سے انقلاب لانے کے ماسٹر مائنڈ کسے دھمکیاں دے رہے ہیں، ذلت و رسوائی فارن فنڈڈ فتنے اور توشہ خانہ چور کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا تھا کہ غیر ضروری سچ نہیں بولنا چاہتے، ذلت اب صرف فارن فنڈڈ فتنے کی ہو گی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنے نے اپنا اقتدار بچانے کے لیے آرمی چیف کو تاحیات ایکسٹینشن کی آفر دی،عمران خان فوج کو حکومت ختم کرنے اور سیاست میں مداخلت کی دعوت دے رہے ہیں۔