پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کرنے کی جاری مہم کی شدید مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں، تلاشی اورفرضی چھاپوں کی کارروائیوں میں قابض بھارتی افواج کی بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کرنے کی جاری مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،

ترجمان دفترخارجہ نے جاری بیان میں کہاکہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج نے نام نہاد چھاپوں اور تلاشیوں کی آڑ میں پلوامہ میں دو کشمیریوں کو شہید کردیا۔گزشتہ ایک ماہ میں قابض بھارتی افواج کم ازکم 18 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں کی بنیادی آزادیاں معطل ہیں، ایسے میں قابض بھارتی افواج نے غیرقانونی طوربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ چند ہفتوں سے اپنے ظلم و جبر میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ماورائے عدالت شہادتوں، ماورائے قانون حراستوں، سینکڑوں کی تعداد میں عام کشمیریوں اور حریت راہنماں کی سیاہ قوانین کے تحت قید، فوجی ناکوں پر اور رات کے چھاپوں کے دوران کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی قانونی گرفت نہیں۔ ہائیبرڈ دہشت گرد اور وائٹ کالر دہشت گرد جیسی نفرت انگیز اصطلاحات سے انہیں بدنام کرنے کے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ خطے میں سلامتی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہونی چاہئے۔ترجمان نے کہاکہ اس صورتحال میں بھارتی وزرا کا مقبوضہ خطے کا دورہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے اور حالات معمول پر ہیں کا جھوٹا تاثر دینے کا حربہ ہے۔آر۔ایس۔ایس،بی۔جے۔پی کے پیروکار حالات ٹھیک ہونے اور ترقی کے نام پر جتنا بھی جھوٹ کیوں نہ بولیں، دھوکہ دیں اور تشہیر کے ہتھکنڈے اختیار کریں لیکن غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی مکمل لاتعلقی کو چھپایاجا سکتا ہے، نہ ہی حل کیاجاسکتا ہے اور نہ ہی ان پر جبر کی حقیقت کو ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ  بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کا مستقل حل ہی خطے میں پائیدار امن وترقی کی راہ ہے۔