شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا

راولپنڈی (صباح نیوز) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس شہید کی نماز جنازہ میران شاہ میں ادا کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میجر محمد اویس شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے نارووال روانہ کردیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔