لاہور(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مڈل کلاس دقیانوسی نظام کو بدلنے کیلئے باہر نکلی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مڈل کلاس دقیانوسی نظام کو بدلنے کیلئے باہر نکلی ہے، اس تحریک میں وہ لوگ شامل ہیں جو اگلی نسل کیلئے نظام بدلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عوام کو بااختیار بنانا ہے اور فیصلہ سازی کو بند کمروں سے نکالنا ہے اور عمران خان کی قیادت میں اس نظام کو بدلے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی ہے اس سے عوام کے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش نہیں ہے کیونکہ یہ کہتے ہیں الیکشن نہیں کرائیں گے کیونکہ الیکشن ہار جائیں گے اور لاکھوں لوگوں کو روکنا رانا ثنا اللہ کے بس کی بات نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں رانا ثنا اللہ پر جو تشدد کیا گیا آج وہ ہی تشدد وہ لوگوں پر کررہے ہیں لیکن پرتشدد احتجاج تو ہمارا ایجنڈا ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمرا مطالبہ ہے کہ عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ حق حکمرانی کس کے پاس ہونی چاہیئے اور ہمارا ایجنڈا صاف شفاف الیکشن ہے۔