اقتدار کی محرومی عمران کو وطن دشمنی پر لے آئی ہے،خواجہ آصف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زبان کو پاکستان دشمنی کی زبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی محرومی عمران کو وطن دشمنی پر لے آئی ہے۔

ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اقتدارکی ہوس میں وہاں پہنچ چکا جہاں وطن کی محبت حیثیت نہیں رکھتی، اس کیلئے اول و آخر اس کی ذات ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زبان پاکستان دشمنی کی زبان ہے، اس کے ورکروں کی تربیت کی بنیاد نفرت اور تقسیم ہے، اقتدار کی محرومی عمران خان کو وطن دشمنی پر لے آئی ہے۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ الیکشن انشا اللہ آئینی وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں کا قومی مسائل پر مذاکرات اور اتفاق رائے جمہوری مزاج کا حصہ ہے۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان سارے شوق پورے کرلیں، اس وقت بھارتی میڈیا ان کو بھرپور سرپرستی اور ائرٹائم دے رہا ہے، اس کو انجوائے کریں۔ پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین بات چیت سے متعلق انہوں نے کہا کہ جن مذاکرات کا پی ٹی آئی راگ الاپ رہی ہے، ان کا کوئی امکان نہیں۔

قبل ازیں انہوں نے اپنے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عمران خان اقتدار کی ہوس میں اس مقام پہ پہنچ چکا ہے جہاں وطن کی محبت،شہداء کے خون کا تقدس اور رشتوں کا احترام کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔اس کے لیے اول آخر اس کی ذات ہے۔ اس کی زبان پاکستان دشمنی کی زبان، اپنے ورکروں کی تربیت کی بنیاد نفرت اور تقسیم ہے۔ اقتدار کی محرومی اسے وطن دشمنی  پر لے آئی ہے۔