اسلام آباد(صباح نیوز) ای سی سی نے وزارت داخلہ کیلئے رواں مالی 33 کروڑ 39 لاکھ سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظوری کرلی جبکہ 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پھر ہوا، ای سی سی نے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترمیم کی منظوری دیدی، منظوری کے بعد لکڑی کی درآمد کی اجازت 31 مارچ 2023 تک ہوگی، ای سی سی ٹی سی پی کو 3 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میسرز مخدوم لاجسٹک سروسز کی کم بولی 520 ڈالر فی میٹرک ٹن پر یوریا درآمد کی اجازت دی گئی ہے،
ای سی سی نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے تحت 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کی اجازت دی ہے، کمیٹی نے پاسکو کے اسٹاک سے صوبوں کو درآمدی گندم کی اضافی سپلائی کی منظوری دیدی، ای سی سی نے گندم کی درآمد کم سے کم بولی 373 ڈالر فی میٹرک ٹن پر درآمد کی اجازت دی ہے۔ ای سی سی نے وزارت داخلہ کیلئے رواں مالی 33 کروڑ 39 لاکھ سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظوری کرلی۔