کراچی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ اداروں کی بے توقیری یاٹکراؤ ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے،اسٹیبلشمینٹ کو سیاست سے دور راورسب کو اپنی حد میں رہ کرملک کی خدمت کرنی چاہئے۔جماعت اسلامی یوتھ کے تحت 30اکتوبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے پاکستان زندہ آبادیوتھ لیڈرشپ کنونشن نوجوانوں میں بیداری اورملک میں حقیقی تبدیلی کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہوگا،امیرجماعت اسلامی سراج الحق یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں پاکستان میں بیداری و جدوجہد کی مہم شروع اورملک وقوم کواس مایوس کن حالات سے نکال کر روشن مستقبل کی طرف لے جانے کا اعلان کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ قیام پاکستان کے بعد گورے انگریز تو چلے گئے مگراپنا کالا قانون اورنمائندے مسلط کرگئے جوپاکستان کو بیرونی اداروں کے پاس گروی اورقوم کو غلام بناکراپنے ذاتی مفادات کی تکمیل میںمصروف ہیں۔اس لیے جمہوریت وقانون کی حکمرانی اورکٹ پتلی حکمرانوں سے نجات کے لیے عوام کو بیدار ہونا پڑے گا۔صوبائی امیرنے سندھ کے نوجوانوں پرزوردیاکہ وہ 30اکتوبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں بھرپور شرکت کرکے بیداری کا ثبوت دیں۔دریں اثناء انہوں نے سینیٹراعظم سواتی کی پریس کانفرنس میں گرفتاری وتشددکے الزمات کی تحقیقات کرکے معزز ممبرکو انصاف فرہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔