اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسپین جانے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں 80 مسافر سوار تھے جن میں متعدد پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مراکش کے ساحل پر کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ مراکش میں پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع دی ہے کہ 80 مسافروں کو لے کر موریطانیہ سے روانہ ہونے والی کشتی مراکش کی بندرگاہ الداخلہ کے قریب الٹ گئی۔انہوں نے کہا کہ کشتی حادثے میں کئی زندہ بچ جانے والے افراد، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں، الداخلہ کے قریب ایک کیمپ میں مقیم ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارا سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور متاثرہ پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارتخانے کی ایک ٹیم الداخلہ روانہ کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ وزارت خارجہ میں کراسیسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے، ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے متعلقہ حکومتی اداروں کو متاثرہ پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔