اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی سینئر پروگرام آفیسر محترمہ زینہ سیفری اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر فرحانہ شاہد سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد کے دورے لندن کے دوران بی آ ئی ایس پی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے مابین باہمی تعاون کے امور پر پیش رفت اور لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ فنڈ ( ایل ایل ایف) کے ہیلتھ ، ایگریکلچر ، اور انفراسٹرکچر سے متعلق پروپوزل سمیت ماں اور بچے کی صحت و غذائیت اور مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کے ذریعے روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے اقدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے خواتین کی بااختیاری صحت ،تعلیم اور سکل ٹریننگ کے اقدامات پر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی سطح پر ہاسپٹیلٹی مینجمنٹ، ہیلتھ کیئر اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جبکہ مقامی سطح پر سلائی، کڑھائی اور دستکاری کے شعبہ جات کا رجحان ہے۔
سینیٹر روبینہ نے مستحق افراد کی ان شعبہ جات میں ٹریننگ اور روزگار کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفیکیشنز کی اہمیت پر زور دیا۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کی محترمہ زینہ سیفری نے بی آئی ایس پی کے ماں اور بچے کی صحت و غذائیت کے اقدام پر گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جلد ہی بی آئی ایس پی کیساتھ مل کر اس کے پائلٹ مرحلہ کے آغاز کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
انہوں نے بی آئی ایس پی اور ایل ایل ایف کے مابین شراکت داری کے لیے پروجیکٹ ڈیزائن اور فریم ورک کی تشکیل میں بھی اپنی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ آئندہ لائحہ عمل کے لیے رواں سہ ماہی کے اختتام تک پروجیکٹ کے فریم ورک کو ہر لحاظ سے مکمل کر لیا جائے گا