صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشتی کے حادثے میں 40سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس ، اہلخانہ سے اظہار تعزیت

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسپین جانے والی کشتی کے حادثے میں 40سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے کشتی کے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا اورکشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔

صدر مملکت نے اِنسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مؤثر اور دور رس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ آصف علی زرداری نے جاں بحق افراد کے سوگواران کیساتھ اظہار ہمدردی ،ان کی مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی مغربی افریقہ سے اسپین کی جانب جانے والی کشتی کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی بلندی درجات کی دعا کی۔

شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ  انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔