پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آئے گا ،، کاشف سعید شیخ

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے شہباز حکومت کی جانب سے رواں ماہ میں دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آئے گا ،جماعت اسلامی عوام دشمن فیصلے کو مستردکرتی ہے،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کیا،پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی مذمّت کرتے ہیں۔ ایک طرف فارم 74 کے ذریعے قوم پر مسلط کئے گئے حکمران مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور سٹاک ایکسچینج میں بہتری کے دعوے کرتے نہیں تھکتے دوسری جانب عام آدمی کی زندگی عذاب بنی ہوئی ہے، حکومت فی الفورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ غلام قیادت نے آئی ایم ایف کے اشاروں پر عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرا کران کا زندہ رہنا مشکل بنادیا ہے، ملک پر مسلط طبقہ غربت ختم کر نے کی بجا ئے غر یب کو ختم کر نے پر تْلا ہوا ہے۔ ایک طرف حکمران مہنگائی میں کمی کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں تو دوسری جانب مسلسل پٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کو زندہ درگور کر دیاہے، پی ڈی ایم حکومت کا ڈھائی سالہ دورحکومت تاریخ کا بدترین دور ہے،عوام پہلے ہی بیروزگاری، بدامنی،بھوک وافلاس اور گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ان پر بجلی بن کر گرا دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجاتا ہے جس سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوجائے گا۔ظالم اور بے حس حکمران آئی ایم ایف کے کہنے پر غریبوں کو نشانہ بنارہے ہیں، ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، لوگ اپنی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر سکتے، موجودہ فارم 47کی پیداوار حکومت نے مہنگائی کے تمام رکارڈ توڑکرعوام سے سب کچھ چھین لیاہے۔ حکمرانوں نے قرضے لے کر خود ہڑپ کر لیے اور ادائیگی کے لیے قوم کا خون نچوڑا، غریبوں پر بے جا ٹیکسز عائد کیے گئے اور پٹرول، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر کے عوام کا جینا حرام کر دیا گیا۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکمران اپنی مراعات کم کرتے، مفت پٹرول، بجلی اور گیس کے استعمال پر پابندی لگتی اور ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوتے، مگر تجربات سے ثابت ہو چکا ہے کہ اقتداری ایوانوں میں براجمان ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار انھیں قوم کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ حکومت جنوری25میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیکر مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو رلیف فراہم کرے۔