صدر وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 22  دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔صدر مملکت نے ضلع خیبر میں تخریب کاری کے جواب میں دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی تعریف کی،

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقہ تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 14 دسمبر 2024 سے اب تک ان آپریشنز میں 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔