رباہ کا خاتمہ حکومت پر لازم ہوچکا ہے،انور منصور خان ایڈووکیٹ


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی شرعی عدالت سودی نظام کے خلاف مقدمات کی سماعت کل (جمعرات کو)بھی جاری رکھے گی، آج سماعت کے دوران عدالتی معاون سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے پاس سودی نظام کے خلاف مقدمات سننے کااختیار ہے ملک میں1965سے اب تک آنے والے تمام آئین سودی نظام کے خاتمے کی بات کرتے ہیں اور رباہ کا خاتمہ حکومت پر لازم ہوچکا ہے،

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے دلائل میں کہا کہ یہ مقدمہ تین دہائیوں سے عدالت میں زیر سماعت ہے اب عدالت1991کی طرح جرات کا مظاہرہ کرے اور اس کیس کاجلدفیصلہ سنائے قوم کی اس عدالت سے بڑی امیدیں ہیں۔

چیف جسٹس محمدنور مسکانزئی کی سربراہی میں جسٹس ڈاکٹرسید محمد انوراور جسٹس خادم حسین پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی توسابق اٹارنی جنرل انورمنصور خان اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج اج الحق نے دلائل دیئے ۔

انور منصور خان نے دلائل میں موقف اپنایا کہ آئین کے آرٹیکل38-Fکی روشنی میں رباہ کا خاتمہ پالیسی کا معاملہ ہے اب رباہ کا خاتمہ ریاست پر لازم ہوچکا آئین سازوں نے اس کیلئے دس سال کے وقت کاتعین کیا تھا ،انہوں نے کہا کہ سود استحصال ہے اور آئین کاآرٹیکل تین حکومت کو استحصال کے خاتمے کا پابند بناتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2015 میں دیئے گئے ایک حکم میں کہاگیا تھا کہ حکومت سودی نظام کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے اور پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائے انور منصورکا کہنا تھا کہ آئین کے دیباچہ میں کہا گیا کہ منتخب جمہوری حکومتیں تمام قوانین شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے بنائیں گی کوئی حکومت شرعی حدود سے تجاوز کرنے کا اختیار نہیں رکھتی ،پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسلامی جمہوری ریاست کا تصور دیا، پاکستان کا اسلامی جمہوری روایت کا تصورلیبیا نے بھی اپنایامعاملات میں جدت اختیارکرنے کامقصد ہرگز اسلامی حدود سے تجاوز کرنانہیں ہے آئین کے تحت لازم ہے کہ شریعت سے ہم آہنگ کرے ،حکومت کوئی ایسا قانون نہیں بنا سکتی جوشریعت سے متصادم ہو،شریعت کورٹ کو اختیار حاصل ہے کہ شریعت سے متصادم قانون کو خلاف شرع قرار دے دے

انور منصوخان نے کہا کہ ریاست پرلازم ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو رباہ ختم کر کے زکواة و عشرکا نظام نافذکرے۔

اس دوران عدالتی اجازت سے دلائل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ 74سال سے ملک میں سودی نظام چل رہا ہے ،مشیرخزانہ نے اعتراف کیا ہے کہ غریب اور امیر کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے ،بنی اسرائیل کی قوم بھی اسی لئے تباہ ہوگئی کہ وہ اللہ کے قانون پر مکمل عمل درآمد نہیں کرتی تھی،سودی نظام کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے

سراج الحق نے کہاکہ 33ہزار ارب سے زائد رقم ہم سود کی مد میں ادا کرتے ہیں۔ 1991میں اس عدالت نے جرات کا مظاہرہ کرکے سود کے خاتمے کا فیصلہ دیا اس بینچ کوبھی آج اللہ نے موقع دیاہے یہ بھی جرات کا مظاہرہ کرے،اب حالت یہ ہے کہ ہمارے ایک دوست ملک نے خیرات بھی سود پر دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران اس وقت تک کوئی اقدام نہیں کرتے جب تک عوام سڑکوں پر آکر راستے بند نہ کردیں ۔جاپان سمیت کئی ممالک سود فری نظام کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے عدالت سے کہاکہ وہ کل اور پرسوں(جمعرات اور جمعہ) کواپنے دلائل ختم کرلیں گے ۔عدالت نے کیس کی سماعت کل دس بجے تک ملتوی کردی ہے ۔