اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے، ان کے مستقبل کا فیصلہ کوئی اور نہیں کرسکتا ،شہداء کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے تقسیم کشمیر کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
ان خیالات کااظہارڈاکٹر خالد محمود خان نے مرکز جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر میں حضرت مولانا سعدالدین تاربلی لائبری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے ر ہنما اور مقبوضہ جموں وکشمیر اسمبلی کے سابق رکن مولانا غلام نبی نوشہری ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے خطاب کیا ،حضرت مولانا سعدالدین تاربلی لائبریری کی تعمیر اور کے سلسلے میں مولانا غلام نبی نوشہری نے وسائل فراہم کیے ۔تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنونیئر محمود احمد ساغر،جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین،لبریشن فرنٹ کے ترجمان رفیق ڈار،حریت راہنما امتیاز وانی،انجینئر مشتاق،عبداللہ گیلانی،جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے نائب امراء نورالباری ،شیخ عقیل الرحمان سمیت دیگر قائدین موجود تھے ،
ڈاکٹر خالد محمود خان لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے مکہ اور مدینے کے بعد کشمیری پاکستان سے عقیدت رکھتے ہیں کشمیری پاکستان کے لوگوں کو اپنا محسن سمجھتے ہیں بد قسمتی سے پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیر کے سلسلے میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا انہوں نے کہاکہ 5اگست2019ء کے بعد مودی جموں وکشمیر پر حملہ آور ہوا س کے جواب میں پاکستان نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی نریندرمودی کے جارحانہ منصوبے کے جواب میں منصوبہ سامنے لایا.
انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی حفاظت اور بقاء کے لیے ہندوستان کے ساتھ جنگ میں مصروف ہیں حقیقت میں کشمیری ہی پاکستان کی بقاء کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیری شہداء کے خون سے بے وفائی کرنے والے کبھی بھی سرخرو نہیں ہوسکتے اگر پاکستان میں کسی نے ایسا کیا وہ بھی سرخرو نہیں ہو گا تقسیم کشمیر کا کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کرسکتا آزادکشمیر اسمبلی میں کسی ترمیم کے لیے دبائو نہیں ڈالا جاسکتا کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نظر انداز کرنے والوں کے لیے کشمیری لوہے کے چنے ثابت ہوں گے ہم 5لاکھ کشمیری شہداء کے خون سے بے وفائی نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام 200سال سے جدوجہد کررہے ہیں 1947میں اگر سیز فائر نہ ہوتا تو کشمیری اپنی منزل حاصل کر لیتے اقوام عالم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے کے وعدے پر سیز فائر کرایا تھا ہم جنگ بندی لائن کو تسلیم نہیں کرتے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے راہنما غلام نبی نوشہری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ساری سیاسی جماعتیں ہماری جماعتیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں کشمیری پاکستان کو اپنا مرکز سمجھتے ہیں حکومت پاکستان کو کشمیر کی صورت حال کے تناظر میں کسی کمزوری کا مظاہر ہ نہیں کرنا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی کی تحریک جاری کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کی وجہ سے کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا مولانا غلام نبی نوشہری نے کہاکہ حضرت مولانا سعد الدین تاربلی لائبریری کے قیام کے لیے مزید کتب کے حصول کی کوشش کریں گے۔