کامسٹیک کی جانب سے تکنیکی تعاون کیلئے او آئی سی رکن ممالک کے مابین ایکسپرٹ سروس شروع کرنے کا اعلان

 اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے تعاون کے لیے موجود اسلامی تعاون تنظیم کی مستقل قائمہ کمیٹی کامسٹیک کی جانب سے اسلامی ممالک میں تکنیکی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک ایکسپرٹ سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراھیم طحہٰ کے مابین گزشتہ ماہ جدہ میں ہونے والی ملاقات میں کی گئی بات چیت کی روشنی میں کیا گیا۔

ایکسپرٹ سروس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ اس پروگرام کے لئے بنائی گئی ایڈوائزری کمیٹی کے جمعرات کے روز ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت کامسٹیک کوآرڈینیٹر جنرل  پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کی جبکہ اجلاس میں کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، سربراہ شعبہ لائف سائنسز ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد و سابق چیئرمین پاکستان سائنس فائونڈیشن ، پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمن ڈائریکٹر سنٹر آف ایکسی لینس مالیکیول بائیولوجی، پنجاب یونیورسٹی، اور کامسٹیک حکام بھی شریک تھے ۔

کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے اجلاس میں کہا کہ او آئی سی رکن ممالک میں اس اقدام کا مقصد ماہرین، انجینئرز، ٹیکنالوجی کے ماہر اور پیشہ ور افراد کا ایک مضبوط نیٹ ورک تیار کرنا ہے تاکہ آپس میں تربیت اور علم کا اشتراک فراہم کیا جا سکے۔ یہ پروگرام اہم ترقیاتی شعبوں کی نشا ن دہی کرے گا اور تکنیکی تعاون کو مضبوط بنائے گا  جس کے تحت مختلف اداروں جن میں یونیورسٹیاں تحقیقی مراکز، صنعتی مراکز، کمپنیوں اور لیبارٹریوں کو خصوصی تکنیکی خدمات تک رسائی اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے قابل بنایا جائے گا۔

اس اقدام کے کلیدی مقاصد میں تکنیکی مہارت اور تربیت کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔کامسٹیک کا ماہرین کے لئے ایک باہمی تعاون پر مبنی نیٹ ورک قائم کرنا سلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور کمیونٹی میں یکجہتی تعاون اور ٹیکنالوجی شیئرنگ کے لئے مشترکہ کاوشوں کو فروغ دے گا۔ اس پروگرام کے تحت بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور صحت، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ سائنسز، زراعت، اور سمارٹ سٹی کے منصوبے شامل ہونگے ۔شرکا نے اس اقدام کو سراہا اور اسے کامیاب، متحرک اور نتیجہ خیز بنانے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔