پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں،ایازصادق

اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں،پاکستان کی عوام آذربائیجان کے عوام کے دکھ اور غم کو اپنا غم سمجھتی ہے، آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر پاکستانی قوم افسردہ ہے۔ سردار ایاز صادق نے جمعرات کے روز آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔آذربائیجان کے سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خیر مقدم کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا ۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔سردار ایاز صاد ق نے آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔سردار ایاز صادق نے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام آذربائیجان کے پارلیمان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،آذربائیجان اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں،پاکستان کی عوام آذربائیجان کے عوام کے دکھ اور غم کو اپنا غم سمجھتی ہے، آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر پاکستانی قوم افسردہ ہے،طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی کی اللہ تعالیٰ سے حادثے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تعزیتی تاثرات قلم بند کئے ۔ZS