اسلام آباد(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل عاطف خان کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے 80 لاکھ روپے بھتے کا خط موصول ہوا ہے۔
وزیر برائے کھیل عاطف خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے طالبان کی طرف سے بھتے کا خط موصول ہوا ہے جس کو متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شئیر کیا ہے، دیکھتے ہیں متعلقہ سیکیورٹی ادارے اس حوالے سے کیا حکمت عملی کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دیگر رہنمائوں کو خط موصول ہونے سے متعلق میرے علم میں نہیں لیکن میں نے واضح طور پر آگاہ کیا ہے۔
خط میں صوبائی وزیر کو تنبیہ کی گئی ہے کہ ہمارے پاس آپ کے حوالے سے مکمل معلومات اور ریکارڈ موجود ہے، 3 روز کے اندر جواب دیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ آپ ٹی ٹی پی مردان کے مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ خط کے مطابق اگر ٹی ٹی پی کے مطلوبہ افراد کی فہرست سے نکلنا ہے تو اس کے لیے 80 لاکھ روپے دینے ہوں گے۔