پاکستان، ایران کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، عارف علوی


اشک آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایران اہم مسلم اور برادر ہمسایہ ملک ہے ،دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، لسانی ، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں،پاکستان جیو اقتصادی خوشحالی اور علاقاتی روابط کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان سے ترکی اور آذربائیجان تک عالمی روڈ ٹرانسپورٹ سے پورے ای سی او خطے کو فائدہ پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دورہ ترکمانستان کے دوران ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے اشک آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے دو طرفہ میکنزم کے باقاعدہ اجلاس ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اوراقتصادی تعاون تنظیم کا علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ معاشی تعاون اور علاقائی روابط مزید مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی تعاون تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ،ملاقات کے دوران  افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں۔ دونوں رہنماں نے دو طرفہ تعاون اور تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں صدور نے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے تعلقات اور دو طرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔صدر مملکت نے ایرانی صدر کو حال ہی میں الیکشن میں کامیابی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی  اور مسئلہ کشمیر پر ایران کے اصولی موقف پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت نے ایران کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا اورایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی صدر مملکت کو ایران دورے کی دعوت دی۔