آزادی کشمیرکی جدوجہد سیاسی ،مذہبی لسانی تفریق سے بالاترہونی چاہیے، ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ آزادی کشمیرکی جدوجہد سیاسی ،مذہبی اورلسانی تفریق سے بالاترہونی چاہیے تقریروں سے بڑھ کرعملی اقدامات کی ضرورت ہے کشمیری نوجوانوں نے کرفیو،لاک ڈاءون اورانسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے دوران اپناگرم لہوپیش کرآزادی کی شمع کوجلارکھا ہے،مردحریت سیدعلی گیلانی نے تعلیمی اداروں میں پروان چڑھنے والی نسل کوحقیقی جدوجہد آزادی سے روشناس کروایا ۔

ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ قومی کشمیرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاکہ 80لاکھ ریگولر آرمی اور 56اسلامی ریاستوں کے حکمران بے حسی کی چادرتان کرسوئے ہیں 32برس قبل پاکستان میں قاضی حسین احمدکی جانب سے کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لیے جدوجہد کا آغازکیا گیا جسے اس وقت کی حکومتوں نے بھی سپورٹ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیراورپاکستان کے حکمرانوں پرمقبوضہ وادی کی آزادی کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری عائدہوتی ہے اقوام متحدہ میں تقریرکافی نہیں کشمیرکی آزادی کے لیے جہدمسلسل کی ضرورت ہے۔