آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے ، صدرمملکت


پشاور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آ رمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے جن کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے ، عمران خان اپنے بیان کی خود ہی وضاحت کرسکتے ہیں اوراس حوالہ سے انہیں سے پوچھا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کااظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک گھنٹہ تک صحا فیوں  کے سوالوں کے جواب دیئے۔ صدر مملکت سے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاک فوج کے سپہ سالار کی تعیناتی کے حوالہ سے بیان سے متعلق سوال پوچھا گیا،

اس پر صدر مملکت کا کہنا تھاکہ پاک فوج کی حب الوطنی پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جاسکتا، پاک فوج سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف ہے اور عمران خان اپنے بیان کی خود ہی وضاحت کرسکتے ہیں اور اس حوالہ سے ان سے پوچھا جانا چاہیے،میں کوئی کنفیوژن پیدا نہیں کرنا چاہتا، جو بھی بات کرے درکار ہے کہ وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑامسئلہ لوگوں کی نجی گفتگو کو ریکارڈکرنا ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی اہلخانہ سے بات چیت کررہا ہے اور اس کی گفتگو کو ریکارڈ کیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانور ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، یہ ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، جو کوئی بھی بات کرے احتیاط سے بات کرے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ لوگوں کے فون ٹیپ کرنا خطرناک ہے تاہم ایسا دنیا بھر میں ہوتاہے ، میں ای ووٹنگ کا حامی ہوں ، میں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں ، وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگر رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں ، شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔

صدر مملکت نے پاکستان کی آئی ایم ایف سے ڈیل کو مثبت پیش رفت قراردیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ ڈیل کے بعد دیگرممالک کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا اورپاکستان کے ساتھ ان کی امداد شروع ہو جائے گی، پاکستان معاشی دبا ئوسے نکل آیا ہے ، دیگر ادارے بھی اب تعاون کریں گے ، دعا ہے کہ مہنگائی جلد ختم ہوجائے۔