سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،مریم نواز


راجن پور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،متاثرین کی مدد کرنا ن لیگ کی اولین ترحیح ہے ۔

سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقہ فاضل پور کے دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ میں آج راجن پور اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے دکھ اور درد کی گھڑی میں شریک ہونے آئی تھی لیکن جو پیاراور محبت مجھے راجن پور سے ملا ہے اس میں سب کی بہت، بہت شکر گزار ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں متاثرین کے گلی اور محلوں میں خود گئی ہوں اوراور سیلاب کی وجہ سے جو نقصان ہوا ہے وہ میں نے خود دیکھا ہے، گھر تباہ ہو گئے، مال، مویشی ختم ہو گئے اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ میں راجن پورکے لوگوں  سے یہ وعدہ کرتی ہوں کہ میاں محمد نواز شریف کے حکم کے مطابق اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے وعدے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت سیلاب متاثرین کی تکلیفیں دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ جتنا بھی امدادی سامان آئے وہ کم ہے، لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر خیموں میں آکر آباد ہونا پڑا ہے جس کو اپنے گھر کو چھوڑ کر آنا پڑتا ہے تکلیف صرف وہی جانتا ہے۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ سیلاب متاثرین کے لئے ہم سے جو بھی ہو سکا ہم کریں گے اور دکھ کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ متاثرین کوگھر بھی بناکردیں گے اور مال مویشی اور فصلوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کی اولین ترجیح ہے کہ ہم کسی طور پر بھی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، میاں نواز شریف جانب سے ہمیں کہا گیا کہ جہاں ، جہاں لوگ مشکل میں ہیں وہاں جاؤ ان کا ساتھ دو، میں دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ شامل ہونے آئی ہوں۔ میں راجن پور سے بہت محبتیں سمیٹ کر جارہی ہوں اور میرا وعدہ ہے راجن پور دوبارہ بھی آؤں گی۔ اس موقع پر ،مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے بچوں میں مختلف اشیا بھی بانٹیں۔ اس موقع پر (ن)لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔دوسری جانب

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سندھ، پنجاب یا خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہو یا نہ ہو، سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

چوٹی زیریں اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے ، متاثرین سے ملاقات اور  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر آپ سب سے ملنے آئی ہوں، سیلاب سے ہونے والی تباہی، علاقوں اور محلوں کی صورتحال دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ وفاقی حکومت آپ کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام جلد شروع ہو جائے گا، ن لیگ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، آپ کو راشن پہنچائیں گے اور پہنچا بھی رہے ہیں۔  مریم نواز نے متاثرین سیلاب سے کہا کہ آپ کے گھر بھی بنائیں گے اور ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی کریں گے۔