پاکستان کی جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے غیرقانونی طورپر جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی ظالمانہ فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ، جعلی مقابلوں اور نام نہاد چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑمیں بے گناہ کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔قابض بھارتی افواج غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں دوماہ سے کم عرصے میں 35 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔

گذشتہ روزسری نگر میں 3 مزید کشمیریوں کوشہید کیاگیا ۔قابض بھارتی افواج کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں جن میں جبری گمشدگیاں، ہدف بنا کر قتل کرنا ، ماورائے عدالت شہادتیں اور آبادی کو اجتماعی سزا دینا شامل ہے۔

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری شرمناک ریاستی دہشت گردی اور ماورائے قانون اقدامات کو بھارت اپنی عیاری کے پردوں میں چھپا نہیں سکتا، نہ ہی اسے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے کشمیریوں کی خودارادیت کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد کے عزم کو کمزور کرنے میں کبھی کامیابی ہوگی جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں کشمیری عوام کے ساتھ کیاگیا ہے۔

رواں سال ستمبر میں پاکستان کی طرف سے پیش کردہ ڈوزئیر غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت کے خلاف جرائم ، انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید اور ٹھوس ثبوت دنیا کے سامنے لاچکا ہے ۔

پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بہیمانہ خلاف ورزیوں پر بھارت سے جوابدہی کرے۔ مقبوضہ خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

پاکستان عالمی برادری پر یہ بھی زور دیتا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔