کراچی (صباح نیوز)شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے پر سہراب گوٹھ کی جانب جانے والے ٹریک پر تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور امدادی رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔حادثے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم موٹر وے پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا ، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 26 سالہ صبیح احمد کے نام سے کی گئی۔
دریں اثنا ڈالمیا نیوی گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا متوفی کی لاش جناح اسپتال لے جائی گئی۔چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 20 سالہ حارث کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔