76واں یوم آزادی :حافظ نعیم الرحمن کی متعدد مقامات پر پرچم کشائی ”آزادی نائٹ ”سے خطاب


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وطن عزیز مملکت خداداد پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ہفتہ کو گلبرگ وسطی کا دورہ کیا ،لیاقت آبادڈاکخانہ،غریب آباد،طاہر ولا چورنگی،واٹر پمپ چورنگی فیڈر ل بی ایریا میں پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کی تقریبات سے خطاب کیا ۔

علاوہ ازیں رات گئے حافظ نعیم الرحمن نے اپنے حلقہ انتخاب یوسی 8الفلاح نارتھ ناظم آباد میں مرکزی انتخابی دفتر نزد کے ڈی اے چورنگی پر نوجوانوں کی ایک بڑی تقریب ”آزادی نائٹ ” سے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر پرچم کشائی اور آتش بازی بھی کی گئی ۔اس موقع پر امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ ، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن ،نائب امیر ضلع گلبرگ حسین احمد مدنی ، سکریٹری ضلع کامران سراج ، ناظمین علاقہ شہاب الدین ،نصرت اللہ ، مسعود علی ودیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے ”آزادی نائٹ ” اور ضلع گلبرگ کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے شہری ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کرتے رہے ہیں، کراچی کے عوام نے نہ صرف پاکستان سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے بلکہ اس کا حق ادا کیا ہے،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کے باوجود بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منارہے ہیں ،کراچی پورے پاکستان کی معیشت چلاتا ہے لیکن بدقسمتی سے کراچی کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں،کسی بھی حکومت اور حکمران پارٹی کو کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،کراچی کے بچے ،بوڑھے مردو خواتین بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، جگہ جگہ گندا پانی کھڑا ہے ،شہری پریشان حال ہیں ،شہر اب اس چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ اب مزید اسے لوٹا جائے ،بد قسمتی سے ایک مخصوص ٹولہ ملک پر قابض ہے جو75سال سے حکمرانی کررہا ہے،جاگیردار اور وڈیرے چہرے بدل بدل کر قوم کو لوٹ رہے ہیں ،

حکمران ٹولے کے لوگ پارٹیاں بدل بدل کر عوام کوبے وقوف بناتے ہیں لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کرتے ،چہرے اور پارٹیاں نہیں بلکہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی حق دو کراچی تحریک چلارہی ہے ، یہ تحریک صرف جماعت اسلامی کی نہیں کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کی تحریک ہے ،شہر میں ایک مرتبہ پھر سے ایک سازش کے تحت بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،سازش میں وہی پارٹیاں شامل ہیں جنہوں نے ہمیشہ کراچی کو تباہ و برباد کیا ،کراچی کے عوام 28اگست کو بلدیاتی انتخابات میں ان جماعتوں کو مسترد کردیں جنہوں نے کراچی کے عوام کے ارمانوں کا خون کیا ،کراچی کے عوام بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں اور جماعت اسلامی کا میئر لائیں،شہر میں جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو ایک بار پھر سے تعمیر وترقی کا سفر شروع ہوگا۔