قرآن وسنت کا نظام ہی پاکستان کو قوت دے سکتاہے،معراج الہدی صدیقی


کراچی ( صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ قرآن وسنت کا نظام ہی پاکستان کو قوت دے سکتاہے۔ عوام کو چین وسکون صرف شریعت کے نظام میں مل سکتا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن کو روحانی غذا قرآن کے مطالعے اور سنت پر عمل سے ملے گی۔ انسان سازی کل وقتی ایجنڈا ہے جسے انبیا نے اختیار کیا۔ اس ایجنڈے کو آگے بڑھائے بغیر منزل کی طرف رسائی ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میںعلاقہ شبیر احمد عثمانی اور علاقہ بلال کے تحت ایک روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع شرقی کے رہنما سید محمد اقبال ،انجینئر فاروق احمد خان اور دیگر بھی نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ یہ دعوت تربیت تنظیم اصلاح معاشرہ کے ایجنڈے پر کام کرنے کا وقت ہے۔ بھارت میں نریندر مودی کی حکومت نے سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمت اللہ علیہ کی کتابوں پرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پابندی لگائی ہے اسلئے کہ مولانا کا لٹریچر ہندوتوا بیانیے کو شکست دیتا ہے۔ سید مودودی رحمت اللہ علیہ کا لٹریچر ذہنوں میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔ اس لٹریچر کو پڑھنے اور پڑھانے کی ضرورت ہے۔